پی ٹی آئی میں فاورڈ بلاک نہیں ، حامد خان سینیٹر چیئرمین پی اے سی نہیں بن سکتے ، شیر افضل مروت

راولپنڈی : رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی قیدیوں کی رہائی تک کسی بھی ڈیل یا مفاہمت سے انکار کردیا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی فاورڈ بلاک نہیں ہے، حامد خان سینیٹر چیئرمین پی اے سی نہیں بن سکتے ، عمران خان نے سعودی عرب بارے بیان پر میری سرزنش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ببانگ دہل کہا ہے کہ ہمارے سیاسی قیدیوں کی رہائی تک کوئی ڈیل یا مفاہمت نہیں ہوگی۔انہوںنے کہا ہے کہ قوم کیلئے ضروری ہے کہ اپنی اڑان بھرے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فاورڈ بلاک نہیں ہے، پہلے 8 فروری کو پھر 21 اپریل کو ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کیا جارہا تھا، لطیف کھوسہ نے پی اے سی کیلئے حامد خان کا نام لیا تھا، لیکن وہ تو سینیٹر ہیںچیئرمین پی اے سی نہیں بن سکتے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے متعلق بیان پر میری سرزنش کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے خواتین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی گرفتاری پر حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میری بہنوں اور اہلیہ کے خلاف مقدمات اس لئے درج کئے گئے کیونکہ یہ میرے اپنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے حوالے سے عمر ایوب کو ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ہائی کورٹ میں کیسز نہ لگنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی میں مخالفت ہوتی ہے تو میری پارٹی میں بھی میری مخالفت ہوئی ہے۔

Author