آگ کا دریا عبور کر کے وزارت اعلی تک پہنچی،مریم نواز

لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آگ کا دریا عبور کر کے وزارت اعلی تک پہنچی،پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر ملنے پر خوشی ہوئی ، میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، معاشرے میں انصاف کا قیام ضروری ہے، پولیس شعبے میں خواتین کی تعدادنصف کرنا چاہتے ہیں، والدین بیٹیوں پراعتماد کریں، ان کیساتھ کھڑے ہوں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ پولیس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 650خواتین اہلکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب جلسوں میں جاتی تھی تو ہتھیار اٹھائے خواتین پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر خوشی ہوتی تھی، میں مڑ مڑ کر ان خواتین پولیس اہلکاروں کو دیکھتی تھی، یہ خواتین گھر کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ خوشی ہوئی کہ آج پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی، آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ 7ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں، اس میں اضافہ ہونا چاہئے، ہم پولیس کے شعبے میں خواتین کی تعدادنصف کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے عہدے کا حلف اٹھایا اس تقریب کا انتظار کر رہی تھی، آئی جی پنجاب نے کہا تھا کہ خواتین اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آپ نے آنا ہے، میں روز پوچھتی تھی کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کب ہے؟انہوں نے کہاکہ آج جب خواتین اہلکاروں کو دیکھا تو یقین آیا کہ انہوں نے ٹریننگ بہت سنجیدگی سے مکمل کی، آج پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ میں بطور وزیراعلی فیصلے کرتی ہوں اور آپ نافذ کرتی ہیں، آپ کی زیادہ ذمہ داری ہے، آپ کی ہمدردی مظلوم کیلئے ہونی چاہے، ظالم کیلئے نہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، معاشرے میں انصاف قائم کرنا ضروری ہے، آپ سے امید ہے کہ ظالم کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا وزیر وزیرِ اعلی کی کرسی پر بیٹھ کر اگر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ کرنا پڑتا ہے تو دل پر پتھر رکھ کر کرتی ہوں، ان حالات نے میری ٹریننگ کی، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نوازشریف کی بیٹی ہوں تو یہاں تک پہنچی، میرے لئے یہ آسان کام نہیں تھا، مجھے اپنے آپ کو ثابت کرنا پڑا،آگ کا دریا عبور کر کے وزیر اعلی کی کرسی تک پہنچنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ یہاں تک پہنچنے کیلئے میں نے اپنے والد سے وعدہ کیا تھا، چیف منسٹر کی کرسی اللہ تعالی نے مجھے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں گھر جاتی ہوں تو اپنے والد کیساتھ پورے دن کا احوال شیئر کرتی ہوں، والد کے چہرے پر تشکر کا تاثر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کہ میری محنت کامیاب ہو گئی، اپنی بیٹیوں پر اعتماد کیجیے، ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ یہ پولیس اکیڈمی نواز شریف کے دورِ حکومت میں بنی تھی، نواز شریف اور شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، پورے ملک میں ترقی کے ہر نشان پر نواز شریف یا شہباز شریف کا نام نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے بڑی ذمہ داری ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کام کو آگے لے کر جانا ہے، مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے اور 12 کروڑ افراد کی خدمت کرنی ہے۔

Author