جمعہ, مئی 9, 2025
ہومLatest2019ء کی طرح اب بھی فنٹاسٹک ٹی تیار تھی ،دشمن کے بھاگنے...

2019ء کی طرح اب بھی فنٹاسٹک ٹی تیار تھی ،دشمن کے بھاگنے پر چائے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے بھجوائی،عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 2019ء کی طرح اب بھی فنٹاسٹک ٹی تیار تھی ،دشمن کے بھاگنے پر چائے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے بھجوائی،غرور خاک میں ملنے کے بعد دشمن حکمت عملی تبدیل کر کے ڈرون بھیج رہا ہے ، قوم یقین رکھے ،سیکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے،بھارت کو منہ توڑ جواب ضرور دیا جائے گا، فیصلہ پاک فوج پر چھوڑدیا ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ میں حکومت کیساتھ اپوزیشن کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پوری قوم متحد ہے، کچھ حقائق ایوان کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، رافیل طیارے دنیا کی بہترین اور سپیریئر ٹیکنالوجی کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہی ناز تھا کہ ہمارے پاس یہ جدید ٹیکنالوجی ہے، وہ اس ناز کیساتھ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے جس میں اسے شرمندگی اٹھانی پڑی اب اسی شرمندگی کو چھپانے کیلئے اس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف رافیل طیارے نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور گرا ہے، بھارت جہاز کا ملبہ چھپانا چاہتا تھا مگر اب دنیا نے رافیل کا ملبہ دکھانا شروع کرادیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ صلاحیت جہاز نہیں پائلٹس میں ہوتی ہے ،ہم اپنے شاہینوں کو اس ایوان سے سیلیوٹ پیش کرتے ہیں، 2019ء کی طرح اب بھی فنٹاسٹک ٹی تیار تھی مگر دشمن بھاگ گیا تو پھر ہم نے انہیں یہ چائے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے بھجوائی۔ انہوں نے کہا کہ بزدل  ومکار دشمن نے اب بیک فٹ ہو کر ڈرون بھیج رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہروپ ڈرون اسرائیلی ڈرون ٹیکنالوجی ہے جو ڈرون کی دنیا کا رافیل ہے۔ انہوں نے 25ڈرون بھیجے جنہیں ہم نے گرایا ہے، کچھ ڈرونز کو ایئر ڈیفنس سسٹم سے نشانہ بناکر گرایا ہے اور کچھ کو جام کرکے گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھارت کا سفید جھنڈا لہرانا پاکستان کی فتح کی نشانی ہے، روایتی جنگ میں پاکستان کی برتری دشمن پرعیاں ہوچکی، ہم نے بھارت کو ایل او سی پر شدید نقصان پہنچایا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا، ایل او سی پر 40سے 50بھارتی فوجی ہلاک کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں آپ کی سیکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے، جواب آئے گا اور بھرپور آئے گا،یہ معاملات جلدی بازی میں نہیں ہوتے، آپریشنل اور سٹرٹیجک تفصیلات طے کرنے کے بعد جواب دیا جاتا ہے جواب کب آئے گا فیصلہ پاک فوج پر چھوڑدیا ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!