ہومپاکستانکسی صورت پہلا قدم نہیں اٹھائینگے، جارحیت ہوئی تو جواب پوری قوت...

کسی صورت پہلا قدم نہیں اٹھائینگے، جارحیت ہوئی تو جواب پوری قوت سے دیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کسی صورت پہلا قدم نہیں اٹھائینگے، بھارت نے جارحیت کی تو جواب پوری قوت سے دیں گے،سندھ طاس معاہدے کی معطلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدامات کا جواب اسی زبان میں دیا گیا ،فالس فلیگ کے 10منٹ کے اندر اندراج مقدمہ سوالیہ نشان ہے۔

علاقائی مکالمہ 2025ء کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے، خصوصا ہمارے خطے کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ہدف ہونا چاہئے، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا داعی رہا ہے، ہم نے ہمیشہ جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا گیا واقعے کا مقدمہ 10منٹ بعد جس پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا وہاں پہنچنے میں ہی 45منٹ لگتے ہیں، بھارت دنیا کو بیوقوف نہ بنائے، پاکستان اس افسوسناک واقعے میں ملوث نہیں، فالس فلیگ آپریشن بھارت کا رچایا ہوا ڈرامہ ہے جس کا مقصد بھارت میں جاری آزادی کی تحریکوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کئی بھارت ریاستوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، بھارت خطے میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا مجاز نہیں، معاہدے کی معطلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی پابندیوں کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے اہم فیصلے کئے جن پر فوری عملدرآمد کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اقدامات کا اسی زبان میں جواب دیا،قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا پانی کی بندش یا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ چند دنوں کے دوران مختلف ممالک کی قیادت سے خطے کی صورتحال پر گفتگو کی ہے، وزارت خارجہ میں مختلف ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی رہنمائوں نے پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرنا ہماری پالیسی ہے، تاہم پہلگام فالس فلیگ کے 10منٹ کے اندر مقدمے کا اندراج سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں صورتحال تبدیل ہو رہی ہے لیکن پاکستان کسی بھی صورتحال میں پہلا قدم نہیں اٹھائیگا، اگر جارحیت مسلط کی گئی تو پورے قومی عزم اور طاقت کے ساتھ بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی مہم جوئی کے عزائم کو لمحوں میں ناکام بنایا، پاکستان کبھی بھی کسی کیخلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، عالمی برادری خطے کی صورتحال پر فوری نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ علاقوں پر حق خودارادیت کے بارے میں واضح قرار دادیں منظور کر چکی ہے تاہم  بھارت نے ان قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالا جائے گا،  ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں