اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ پاکستان کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور سیاسی قیادت نے اس موقف کو ہر سطح پر واضح کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر اور سلامتی کونسل کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور مختلف دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کو بھی اپنے موقف اور خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے تاہم پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھی ہمسائیگی، پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے اور باہمی احترام، برابر خودمختاری، پرامن بقائے باہمی اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کے پرامن حل پر مبنی تعلقات کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔ اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ کارروائی کے نقصان دہ نتائج برآمد ہوں گے۔
سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دیگر کی جانب سے تعاون، بات چیت اور کشیدگی میں کمی پر زور دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں اور کشیدگی اور تنازعات کو روکنے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں پر حملے کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
