ہانگ کانگ(شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کے مردم شماری اور شماریات کے محکمے نے ابتدائی اندازوں کا اعلان کیا ہے جن کے مطابق 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ہانگ کانگ کی معیشت گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.1 فیصد اضافے سے گزشتہ 5 سہ ماہیوں میں سب سے بلند سطح پر آگئی ہے۔
موسمی تغیرات کو مدنظر رکھ کر سہ ماہی بنیادوں پر تقابلی جائزے کے مطابق 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ہانگ کانگ کی معیشت میں حقیقی معنوں میں 2 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ 2 سالوں میں سب سے تیز رفتار ترقی ہے۔
زیر جائزہ عرصے میں اشیاء کی کل برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 8.7 فیصد کا اضافہ ہوا جو 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں 1.3 فیصد اضافے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
اسی طرح 2025 کی پہلی سہ ماہی میں اشیاء کی درآمدات میں حقیقی معنوں میں 7.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 2024 کی آخری سہ ماہی میں یہ اضافہ محض 0.4 فیصد تھا۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ترجمان کے مطابق اپریل کے آغاز میں امریکہ کی جانب سے درآمدی محصولات میں نمایاں اضافے کے باعث عالمی تجارتی کشیدگیاں اچانک بڑھ گئیں جس سے عالمی معیشت کے لئے منفی خطرات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ تجارتی پالیسی میں غیر یقینی کی انتہائی بلند سطح بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے رجحان کو متاثر کرے گی جس سے ہانگ کانگ کی معیشت کے قریب مدتی امکانات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چینی مین لینڈ کی معیشت میں مسلسل مستحکم ترقی اور ایچ کے ایس آر حکومت کے معیشت کو فروغ دینے اور متنوع منڈیوں تک رسائی کے اقدامات ہانگ کانگ میں مختلف معاشی سرگرمیوں کے لئے معاون ثابت ہوں گے۔
