لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، ہمارا مذہب بھی اس کیخلاف ہے، ہمارا مذہب امن کا نام ہے اور امن کی بات کرتا ہے۔ایک نجی پروگرام میں شاہد آفریدی نے بھارت کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو کون سپورٹ کرتا ہے؟ نہ ہمارا ملک کرتا ہے اور نہ ہمارا مذہب کرتا ہے، ہم دہشتگردی کا مقابلہ کتنے عرصے سے کر رہے ہیں، بھارت ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کافی عرصے سے حالت جنگ میں ہیں، ہماری فوج اتنی تربیت یافتہ ہوگئی ہے کہ یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اس سے قبل بھی شاہد آفریدی نے ایک بیان میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نکما قرار دیا تھا، جس پر سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون بھڑک اٹھے اور ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔