اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے محنت کشوں کیلئے روزگار حصول کے دوران محفوظ، صحتمند ،باوقار حالات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعے نوجوانوں ،خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز ہے ، مزدوروں ،افرادی قوت کے تحفظ کیلئے اہم قانون سازی ،انتظامی اصلاحات کی ہیں۔یوم مزدور پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج جب پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدور منایا جا رہا ہے، پاکستان اپنے محنت کشوں کیلئے روزگار کے حصول کے دوران محفوظ، صحتمند ،باوقار حالات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری محنت کش افرادی قوت ہماری قوم کی ترقی اور حالات سے نمٹنے کی ہماری استعداد کے پیچھے اصل محرک ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین میں درج ہے اور یہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے بنیادی کنونشنز کیساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جس کا پاکستان بطور ایک ذمہ دار دستخط کنندہ ملک ہے۔
انہوںنے کہا کہ ان نظریات کی پیروی میں پاکستان نے مزدوروں اور افرادی قوت کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران حفاظت اور صحت سے متعلق نئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے ہم نے کلیدی بین الاقوامی لیبر کنونشنز بشمول جبری مزدوری کنونشن اور میری ٹائم لیبر کنونشن کے 2014ء کے پروٹوکول کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں ہر مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی سہولیات سے مستفید ہو رہا ہے جو پورے ملک میں روزگار کے حصول کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند جگہوں میں تبدیل کرنے کو یقینی بنا رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے ای او بی آئی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف جیسے اداروں میں شمولیت کو وسیع ،انہیں موثر بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ مزدوروں کے تحفظ کے ثمرات افرادی قوت کے تمام طبقات میں زیادہ مساوی طور پر تقسیم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈیجیٹائزیشن اور لیبر لا ریفارمز کے ذریعے ہم ایسے مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں جہاں ہر مزدور کو باوقار اور محفوظ روزگار تک رسائی حاصل ہو، اس کیساتھ ساتھ ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی ترقی کے اقدامات خاص طور پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹیز کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہووں نے کہاکہ سول سوسائٹی اور حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز ایسے معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں جو مزدوروں کے حقوق برقرار اورسب کیلئے باوقار روزگار کے حصول کے مواقع فراہم کرے۔