پاک ایران کشیدگی،اسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ، الرٹ جاری

پاک ایران کشیدگی کے بعد خفیہ اداروں نے وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے پاک ایران بارڈر پر کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں دہشت گردی و بلوچ کمیونٹی کے احتجاجی کیمپوں سمیت پولیس و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے عملے کو نشانہ بنائے جانے کے خدشے کی اطلاعات کی بنیاد پر الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و اسلام آباد پولیس کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا گیاہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کے قریب اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج 3ہفتے سے زائد عرصے اور اسی پریس کلب کے سامنے دوسرے کنارے پر ایک کیمپ جمال رئیسانی کی قیادت میں بلوچستان شہداء فورم کا احتجاج بھی ایک ہفتے سے سے جاری ہے ،بلوچستان شہداء فورم کے سربراہ جمال رئیسانی پہلے ہی خطرے کی زد میں ہیں،ایسے حالات میں بلوچستان میں پاک ایران بارڈر پر موجودہ صورتحال کے پیش نظر اطلاعات ہیں کہ ریاست مخالف عناصر، دہشت گرد تنظیمیں ، بلوچستان میں سرگرم عسکریت پسند تنظیمیں اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں مذموم مقاصد کی خاطر ملک میں افراتفری پھیلانے کیلئے بلوچ کمیونٹی کیمپوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتی ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مختلف ڈیوٹیوں پر تعینات اہل کار بھی دہشت گرد عناصر کا ہدف ہو سکتے ہیں۔مراسلے میں کہا گیاہے کہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھ کر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے فول پروف حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ دوسری جانب مراسلے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں دونوں کیمپوں ،اہم شخصیات ،پولیس افسران اور جوانوں سمیت اہم سرکاری تنصیبات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts