اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیشہ ورانہ حادثات ،بیماریوں کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کیساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت ،ڈیجیٹلائزیشن سے کام کی جگہوں میں انقلاب ممکن ہے،کارکنوں کے بنیادی حقوق ،تحفظ یقینی بنانے کیلئے قانونی و پالیسی فریم ورک کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں۔
کام کی جگہوں پر حفاظت و صحت کے عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال کے عالمی دن کا تھیم ‘صحت اور حفاظت میں انقلاب، کام میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کا کردار’ہے جو ہمیں موجودہ دور کی تیز رفتار تکنیکی ترقی کے تناظر میں مستقبل کے چیلنجز اور مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے پاکستان اور دنیا بھر میں ڈیجیٹل سسٹم تیزی سے کام کی جگہوں کا حصہ بن رہے ہیں، یہ لازم ہے ان اختراعات کو ایسے انداز میں استعمال کیا جائے کہ کارکنوں کی حفاظت، صحت اور عزت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سمارٹ اور قابل اعتماد آلات کی مدد سے خطرات کا بروقت اندازہ لگانا ممکن ہو گیا ہے جس سے نہ صرف حادثات کی روک تھام ممکن ہے بلکہ کام کی جگہوں کو محفوظ، صحت مند اور مو ثر ماحول میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیشہ ورانہ حادثات اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے اور تمام شعبوں میں کارکنوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسا قانونی اور پالیسی فریم ورک تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہے جو کارکنوں کے بنیادی حقوق اور تحفظ کو مکمل طور پر یقینی بنائے۔
وزیراعظم نے آجروں، مزدوروں، پالیسی سازوں اور تکنیکی ماہرین کو مل کر ایسا مستقبل تعمیر کرنے کی دعوت دی جہاں ٹیکنالوجی و انسانی اقدار ہم آہنگی سے آگے بڑھیں۔