مسقط/تہران (شِنہوا) عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے کہا ہےکہ امریکہ اور ایران نے مسقط میں اپنے بالواسطہ مذاکرات کے تازہ ترین دور کے دوران باہمی احترام اور پائیدار وعدوں کی بنیاد پر معاہدے تک پہنچنے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں البوسعیدی نے کہا کہ عمانی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں بنیادی اصولوں، مقاصد اور تکنیکی خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات اگلے ہفتے جاری رہیں گے اور ایک مزید اعلیٰ سطح ملاقات عبوری طور پر 3 مئی کو طے کی گئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی سربراہی میں دونوں وفود نے بات چیت کی ۔
اس سے قبل مسقط میں دونوں فریقوں کے درمیان ماہرین کی سطح پر تکنیکی بات چیت ہوئی تھی۔
ایران کے سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی نے بتایا کہ مذاکرات میں دونوں فریقوں کے ایک دوسرے سے مطالبات اور توقعات کے بارے میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
