2023میں سندھ رینجرز کے ہاتھوں 7 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار

سال 2023 میں سندھ رینجرز نے ہائی پروفائل ملزمان سمیت 7 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ، قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ بھی پہنچایا۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران 3 رینجرز جوان شہید اور 11 زخمی ہوئے۔سال 2023 میں جہاں جرم کا ارتکاب ہوا وہاں رینجرز کا ایکشن بھی دکھائی دیا، سال بھر جرائم پیشہ کیلئے سندھ رینجرز بھیانک خواب بنی رہی۔ اغوا کاروں، دہشتگردوں، بھتہ خوری میں ملوث ملزمان سمیت ڈاکوؤں کو نا بخشا۔سندھ رینجرز نے دہشتگردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں، بھتہ خوروں کے خلاف 163 آپریشن کے دوران 197 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان میں کالعدم جماعت، ایم کیو ایم لندن اور لیاری گینگ وار کے کارندے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 2 سو بانوے اسٹریٹ کریمنلز، منشیات فروش اور ڈاکووں کو گرفتار کیا۔اسمگلرز اور اشیائے خورونوش کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف خصوصی آپریشن کئے گئے۔ 27 آپریشن کے دوران 3.33 بلین مالیت کی اشیاء قبضے میں لی گئیں۔ 4 ہزار 437 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا۔ سندھ کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران 132 ڈاکو گرفتار کئے۔ پانی چوروں کے خلاف بھی رینجرز کا ڈنڈا چلا، 99 آپریشن کے دوران 177 ملزمان گرفتار اور 209 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو سیل اور مسمار کیا گیا۔ سندھ بھر میں آپریشن کے دوران مختلف اقسام کے 772 ہتھیار، 10 ہزار سے زائد گولیاں اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی۔ دہشتگردوں اور حملہ آوروں سے مقابلے کے دوران 3 رینجرز جوان شہید اور 11 زخمی ہوئے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts