اتوار, اپریل 27, 2025
ہومLatestپاکستان کی بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون...

پاکستان کی بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش

راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ پانی ہماری لائف لائن ہے ،اس پر سمجھوتہ ممکن نہیں ،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت نے مہم جوئی کی تو 2019 کی طرح منہ توڑ جواب ملے گا، افغانستان کو باور کروا دیاافغان سرزمین سے پاکستان میں حملے برداشت نہیں کئے جاسکتے، معاشی میدان میں بحالی کے بعد آگے بڑھنے کی راہ پر گامزن ہیں، کان کنی، معدنیات، دفاعی پیداوار ،کئی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کر رہے ہیں۔

ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب کاانعقاد ہوا جس میںوفاقی وزرا، غیر ملکی سفارتکاروں و دیگر اعلی حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلح افواج تنظیم، اتحاد اور قومی مفاد کی تکمیل اور عزم کا نشان ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ایک نام رکھتی ہیں۔

انہوںنے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک کا حصہ بن رہے ہیں جس کا نظم و ضبط دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، مسلح افواج بانی پاکستان کے رہنما اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی میدان میں بحالی کے بعد پاکستان اب بھرپور چیلنجز کے باوجود آگے بڑھنے کی راہ پر گامزن ہے، ہم کان کنی، معدنیات، دفاعی پیداوار اور کئی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ عالمی تنازع کئی دہائیوں سے حل ہونے کا منتظر ہے، کشمیریوں نے لاکھوں جانوں نچھاور کی ہیں تاکہ وہ آزاد فضا میں سانس لے سکیں،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خود پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 90ہزار شہری دہشتگردی میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، پاکستان کی معیشت نے اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے، دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی طرف سے بغیرثبوت پاکستان پر الزام تراشی افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا، پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہے۔انہوں نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے،اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ، پاکستان کا پانی روکنے کی ہر کوشش کا قومی طاقت سے جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،  امن ہماری خواہش لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان اپنی سلامتی و خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، کوئی مہم جوئی ہوئی تو فروری 2019ء کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے۔

افغانستان ہمارا پڑوسی اور برادر اسلامی ملک ہے، ہماری خواہش ہے ان کیساتھ پر امن بقائے باہمی کی بنیاد پر تعلقات ہوں لیکن بدقسمتی سے افغانستان کی سر زمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کابل کا دورہ کیا اور باور کروایا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ اچھے اور پر امن تعلقات چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان میں حملے برداشت نہیں کئے جاسکتے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!