بنوں: بنوں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے پولیس چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ سنٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رات گئے 19 دہشت گردوں نے بنوں پولیس چوکی دھڑئے پل پر حملہ کردیا۔
حکام کے مطابق دہشتگردوں میں سے 3افراد کا ایک گروپ زمین پر رینگتے ہوئے پولیس پوسٹ کے قریب پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا جن کا ہدف پولیس کے ٹی آئی کیمرے کو نشانہ بنانا تھا تاکہ مربوط حملہ کیا جا سکے۔پولیس اہلکاروں نے مشکوک حرکات بھانپتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کیا جس پر دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں نے مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کر دی۔
حکام کے مطابق 8 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آنیوالے دہشت گرد پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حملے کو ناکام بنانے پر آئی جی خیبرپختونخوا پولیس نے جوانوں کی جرات، ہوشیاری اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر قیمت پر امن دشمن عناصر کا مقابلہ کرتی رہے گی، جوانوں کی کارروائی فتنہ الخوارج کیخلاف بڑی کامیابی ہے ۔