منگل, اپریل 22, 2025
ہومLatestحکومت کی توجہ نوجوانوں کو مارکیٹ ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے...

حکومت کی توجہ نوجوانوں کو مارکیٹ ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پر مرکوز ہے، شہبازشریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کو مارکیٹ ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دے رہے ہیں،زیادہ سے زیادہ ملازمین، کارکنان، افرادی قوت کو مستفید کرنے کیلئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ اور ور کرز ویلفیئر فنڈ کا دائرہ کار بڑھا یاجارہاہے۔

جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لوک ٹرائینگل نے ملاقات کی اس موقع پر علاقائی سیکرٹری جنرل آئی ٹی یو سی شوئیا یوشیڈا کے علاوہ وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی و متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیرا عظم نے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کی عالمی سطح پر افرادی قوت کے حقوق کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر مزدوروں اور کارکنوں کے حقوق کیلئے کام کررہا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس اور ور کر ویلفیئر فنڈ کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین، کارکنان اور افرادی قوت مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور صوبائی سطح پر ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے کئی تربیتی پروگرام منعقد کرائے جا رہے ہیں تاکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت دستیاب ہو سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، 2022ء کے سیلاب سے پاکستان کو 30ارب ڈالر کے نقصانات اٹھانے پڑے،ان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں مزدوروں اور کارکنوں کو روزگار بارے بہت سے مسائل درپیش ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے لاحق مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور اس جیسے دیگر ممالک کو عالمی مالیاتی اداروں کی خصوصی مالی معاونت درکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار کمیونٹیز میں ماحولیاتی تبدیلی سے موافقت اور اس کے مضر اثرات کی تخفیف اور معاشی طور پر کمزور طبقے کے معاش کا تحفظ ہو سکے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!