لندن(شِنہوا)برطانوی وزیر خزانہ ریچل ریوز نے اقتصادی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کا چین سے الگ ہونا ”بہت احمقانہ” ہوگا۔
دی ٹیلی گراف کو ایک انٹرویو میں ریچل ریوز نے نئی رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی حمایت کا اظہار کیا۔
اگلے ہفتے واشنگٹن کے طے شدہ دورے سے قبل ریچل ریوز نے کہا کہ یہ اس حکومت کا نکتہ نظر ہے کہ چین دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت ہے اور میرے خیال میں اس میں شامل نہ ہونا بے وقوفی ہوگی۔
ریوز نے اس سال کے اوائل میں چین کے اپنے دورے کی طرف اشارہ کیا ، جہاں انہوں نے ایچ ایس بی سی، لندن سٹاک ایکسچینج گروپ، سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور پروڈینشل سمیت مالیاتی خدمات کی معروف برطانوی کمپنیوں کے ساتھ 11 ویں چین۔ برطانیہ اقتصادی اور مالیاتی مکالمے میں شرکت کی تھی۔
ریوز نے چینی فاسٹ فیشن کمپنی شین کی لندن سٹاک ایکسچینج میں شمولیت کی حمایت کی اور کہا کہ وہ نام نہاد "جاسوسی کے خوف” کے باوجود چینی ساختہ برقی گاڑیوں میں سوار ہونے میں خوشی محسوس کریں گی۔
