ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومLatestپاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے، 23ٹیموں کی شرکت

پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے، 23ٹیموں کی شرکت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ کردار، جرات و قابلیت کی بھرپور صفات کو برقرار رکھا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سپاہیوں نے اعلی فوجی اوصاف ثابت بھی کئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی کی میزبانی میں آٹھویں انٹرنیشنل ٹیم سپرٹ مقابلے 14سے 18 اپریل 2025ء تک کھاریاں گریژن میں منعقد کئے گئے، اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

مشق میں پاکستان آرمی کی 7ٹیموں کے علاوہ پاکستان نیوی کی ایک ٹیم اور 15دوست ممالک کی افواج کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے،تقریب میں بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں بین الاقوامی مبصرین اور مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور پیشہ ورانہ مشق کے اعلی انتظامات اور معیار کو سراہا۔پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقدہ 60گھنٹوں پر مشتمل سخت اور بھرپور پٹرولنگ مشق کا مقصد شرکاء کے درمیان جنگی مہارتوں کا تبادلہ اور پیشہ ورانہ تجربات کو شیئر کرنا تھا تاکہ جدید حربی صلاحیتوں میں بہتری لائی جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا اور شریک تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت اور بلند حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایسی مشقیں پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں اور حکمت عملی سیکھنے کا صحیح فورم ہیں، ایسی مشق جنگ کے بدلتے حالات میں ٹیم اسپرٹ کو فروغ دیتی ہے، اس مقصد کیلئے پاک فوج نے کردار، جرات اور قابلیت کی بھرپور صفات کو برقرار رکھا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی کردار، حوصلہ اور مہارت جیسے اعلی فوجی اوصاف کی حامل ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپاہیوں نے بخوبی ثابت کئے ہیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!