اسلام آبادترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار عبوری افغان وزیر خارجہ کی دعوت پر کل اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں اہم حکومتی شخصیات سے ملاقات میں پاک افغان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، اسرائیلی فوج کا غزہ میں ہسپتالوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، فلسطینیوں کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا ہےکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار عبوری افغان وزیر خارجہ کی دعوت پر ہفتے کو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ افغان قائم مقام وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند اور قائم مقام نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی وفد افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کیساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کرے گا ،مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق دورے کے دوران باہمی مفادات کے تمام شعبوں بشمول سیکیورٹی، تجارت، رابطے اور عوام سے عوام کے تعلقات میں تعاون کو گہرا کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر توجہ دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی جانب سے برادر ملک افغانستان کے ساتھ مستقل اور مضبوط روابط کے عزم کا مظہر ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ،وزیر خارجہ کا دورہ اچھے تعلقات کی جانب ایک قدم ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر ہنگری کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا ایک روزہ دورہ کیا اس دوران پاکستان اور ہنگری کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت ،صنعت، تعلیم اور دیگر شعبوں کو مزید بہتر بنانے پر بات چیت کی جبکہ ہنگری نے400پاکستانی طلباء کو سکالر شپ دینا کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں قتل ہونیوالے 8پاکستانیوں کی میتوں کو بہاولپور انتظامیہ نے وصول کیا ،میتیوں کی زاہدان سے روانگی کے وقت تمام قانونی و میڈیکل تقاضے پورے کئے گئے۔
میتیوں کی وطن واپسی کے مراحل میں ایران میں پاکستانی سفیر نے حکام کیساتھ تمام عمل کی نگرانی کی ،ہم اس حوالے سے ایرانی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ڈھاکہ میں ایف او سی میں شرکت کی،مشاورتی اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتِ حال اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فوج کی غزہ میں جاری بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہسپتالوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، غزہ کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ترجمان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ 20 سے 21اپریل اور روانڈا کے وزیر خارجہ 21سے 22پاکستان کا دورہ کریں گے۔