ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومLatestرواں سال کے آخر تک منشیات سدباب کیلئے جی سی سی وزراء...

رواں سال کے آخر تک منشیات سدباب کیلئے جی سی سی وزراء کیساتھ بڑے فیصلے لئے جائیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ  رواں سال کے آخر تک منشیات سدباب کیلئے جی سی سی وزراء کیساتھ بڑے فیصلے لئے جائیں گے، انسداد منشیات بارے سفارشات کے نتیجے میں باہمی تعاون مزید مضبوط ہو گا، مل کر معاشرے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی سے پاک گلف تعاون کونسل اینٹی نارکوٹکس کانفرنس کے وفود کے سربراہان نے ملاقات کی۔وفد میں یو اے ای کے ڈی جی اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ بریگیڈیئر سعید عبداللہ السویدی، قطر کے ڈی جی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کرنل رشید ساری، سعودی عرب کے ڈی جی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ میجر جنرل سعد بن سعود العجمی، عمان پولیس کے ڈی جی نارکوٹکس بریگیڈیئر محمد صالح علی راشد،بحرین کے ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ لیفٹیننٹ کرنل محمد خالد، کویت کے ڈائریکٹر آپریشنز کرنل نصیر بدر اور جی سی سی، سی آئی سی سی ڈی کے ڈائریکٹر بریگیڈئر عیسی سعید شامل تھے۔

اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر داخلہ نے پاک جی سی سی کانفرنس میں شرکت پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، کویت، بحرین اور عمان کے وفود کا شکریہ اداکیا۔ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید نے پاک جی سی سی کانفرنس کی سفارشات سے متعلق آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کامیاب کانفرنس پر اے این ایف پاکستان اور گلف تعاون کونسل کے مندوبین کو مبارکباد دی اور بھر پور تعاون کو سراہا۔تمام مندوبین نے انسداد منشیات بارے حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں انسداد منشیات کیلئے رواں سال کے آخر تک پاک جی سی سی ممالک کے نارکوٹکس کے وزراء کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک منشیات کے سدباب کیلئے جی سی سی وزرا کیساتھ ایک ہی فورم پر بڑے فیصلے لئے جائیں گے، انسداد منشیات بارے سفارشات کے نتیجے میں باہمی تعاون مزید مضبوط ہو گا،باہمی تجاویز کی روشنی میں موثر حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی، ہم مل کر معاشرے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء کے پاکستان آنے پر خوشی ہے،  جی سی سی کے تمام ممالک ہمارے لئے قابل احترام ہیں، ہم نے اینٹی نارکوٹکس کے ادارے کو مزید موثر و مضبوط بنایا ہے،ہم نے ماضی میں بھی مشترکہ آپریشن کئے ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ امورطلال چودھری نے کہا کہ منشیات سدباب کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!