سینٹ پیٹرزبرگ(شِنہوا)روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین تنازع پر بات چیت کے لئے سینٹ پیٹرز برگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے سٹیو وٹکوف سے ملاقات کی۔
کریملن کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں یوکرین کے تصفیے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ یہ مذاکرات بند کمرے میں ہوئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ دونوں فریق یوکرین کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے تاہم بات چیت میں کسی پیشرفت کی توقع نہیں ہے۔
روسی صدر سے ملاقات سے قبل وٹکوف نے روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ اور دوسرے ملکوں کے ساتھ اقتصادی تعاون کے لئے روس کے خصوصی صدارتی نمائندے کِریل دمتریف سے مذاکرات کئے۔ دمتریف نے بعد میں کہا کہ وٹکوف کے ساتھ بات چیت نتیجہ خیز رہی۔
روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق وٹکوف جمعہ کی صبح کاروباری دورے پر روس پہنچے اور شام کو دیر سے سینٹ پیٹرزبرگ سے روانہ ہوئے۔
