اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے 2026ء میں شرح نمو3فیصد تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔اے ڈی بی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری و استحکام کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں، آئی ایم ایف کے معاشی اصلاحاتی پروگرام سے پاکستان کو استحکام حاصل ہوا ہے،2025ء میں پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 2.5فیصد رہے گی جبکہ 2026ء میں پاکستان کی شرح نمو 3فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی سرمایہ کاری میں اضافے سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی جبکہ صنعت و خدمات کے شعبے میں بھی ترقی کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق مستحکم زرمبادلہ مارکیٹ اور اصلاحات سے معاشی فضاء میں بہتری آئی ہے ،مالی سال 2025ء میں مہنگائی کی اوسط شرح 6فیصد تک رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ مالی سال اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 5.8فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں خواتین کی مزدور قوت میں شمولیت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور تربیتی پروگراموں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔