ہفتہ, اپریل 5, 2025
ہومLatestعاصم افتخار نے یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب...

عاصم افتخار نے یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا،سیکرٹری جنرل کو اسناد پیش کردیں

نیو یارک: عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا۔ وزارت خارجہ حکام کے مطابق عاصم افتخار نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور اپنی سفارتی اسناد انہیں پیش کیں۔ ملاقات میں سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرجہتی سفارت کاری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سفیر عاصم کو ان کے نئے منصب پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب مدتِ ملازمت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ عاصم افتخار احمد نے منیر اکرم کی جگہ لی ہے، جو 31مارچ 2025ء کو اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد منصب سے سبکدوش ہوئے ہیں۔عاصم افتخار احمد نے 1993ء میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی، 3دہائیوں پر محیط اپنے سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے یورپ، افریقہ، ایشیا اور اقوام متحدہ سمیت مختلف خطوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

وہ وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفارتی مشنز میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ ان کی پہلی سفارتی تقرری 1997ء سے 2000ء تک نیامے، نائجر میں ہوئی تھی۔نیویارک میں اپنے پہلے دور 2003-09ء  اور 2012-14ء میں انہوں نے سیاسی و سلامتی امور، سلامتی کونسل کی اصلاحات، جنرل اسمبلی کے سیاسی امور، چوتھی کمیٹی، تنازعات کی روک تھام، امن مشنز اور قیامِ امن جیسے اہم معاملات پر کام کیا۔

2017ء سے 2021ء تک وہ تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر رہے۔اگست 2021ء سے نومبر 2022ء تک وہ وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے طور پر کام کرتے رہے۔ اس دوران انہوں نے پہلے ایشیا پیسفک ڈویژن اور بعد میں اقوام متحدہ و اقتصادی سفارت کاری ڈویژن کے ایڈیشنل فارن سیکریٹری کے طور پر فرائض سرانجام دیئے۔

نومبر 2022ء سے دسمبر 2024ء تک وہ پاکستان کے سفیر برائے فرانس ،موناکوا ور یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وزارتِ خارجہ میں قیادت کے عہدوں سے لے کر اقوام متحدہ کے نیویارک اور جنیوا میں اہم ذمہ داریوں تک وہ اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و پیسیفک اور یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب رہے۔

عاصم افتخار احمد پیرس میں یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ میں وہ ایشیا پیسیفک گروپ کے نائب صدر اور جنرل کانفرنس کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!