لاہور: پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے دسویںسیزن کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا، 11 اپریل کو افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان ہو گا ، یہ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلا جائے گا۔
6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم افتتاحی میچ سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو افسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ایک دہائی کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹورنامنٹ بن گیا ہے، ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور میں نمائشی میچ کی میزبانی پر خوشی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے لیے تمام ٹیمیں اپنے اسکواڈ کا انتخاب کرچکی ہیں۔لاہور قلندرز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، سری لنکا کے کوشل پریرا، انگلینڈ کے ٹام کرن ، سیم بلنگز، رشاد حسین، آصف آفریدی، آصف علی، محمد نعیم اور دیگر کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں میتھیو شارٹ، جیسن ہولڈر، ایندریو گوس، ریسی وین ڈر ڈوسن، سلمان ارشاد ، محمد نواز اور دیگر کا انتخاب کیا گیا۔ کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر، ایڈم ملنے، لٹن داس، عباس آفریدی، خوشد شاہ، عامر جمال، عمیر بن یوسف اور دیگر کو منتخب کیا جب کہ کین ولیمسن اور محمد نبی کا بھی انتخاب کیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارک چیپ مین، فن ایلن، ائل جمیسن، کوشل مینڈس، شان ایبٹ، شعیب ملک، فہیم اشرف، خرم شہزاد، دانش عزیز سمیت دیگر کو چنا۔پشاور زلمی نے ٹام کوہلی کیڈمور، کوربن بوش، نجیب اللہ زدران، الزاری جوزف، ناہید رانا، محمد علی، عبدالصمد، حسین طلعت اور احمد دانیال کو حصہ بنایا تھا۔ملتان سلطانز نے شائے ہوپ، جانسن چارلس، گداکیش موتی، مائیکل بریسویل، جوش لٹل ، طیب طاہر، عاکف جاوید، کامران غلام محمد حسنین اور دیگر کا انتخاب کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹ کی تقریب گزشتہ ماہ 13 جنوری کو شاہی قلعہ لاہور کے حضوری باغ میں ہوئی تھی۔ پاکستان سپر لیگ 10 کی ڈرافٹنگ کا آغاز ایونٹ کی سب سے بڑی کیٹیگری پلاٹینیم سے ہوا تھا جس میں قانونا پہلا کھلاڑی منتخب کرنے کا حق لاہور قلندرز کے پاس تھا اور دوسرا کھلاڑی منتخب کرنے کا حق کراچی کنگز کے پاس تھا۔
لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں اپنے چناو کا آغاز نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل سے کیا تھا جب کہ کراچی کنگز نے سب سے پہلے آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کو منتخب کیا تھا۔ کراچی کنگز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں ڈیوڈ وارنر کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ایڈم ملن اور عباس آفریدی کا انتخاب بھی کیا تھا۔
ملتان سلطانز نے نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل اور دفاعی چیمپین اسلام آباد نے پلاٹینیم میں آسٹریلیا کے میتھیو شارٹ کو منتخب کیا تھا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین، فن ایلن اور قومی آل رانڈر فہیم اشرف کا انتخاب کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹام کوہلر کیڈمور کو بھی منتخب کیا تھا تاہم پشاور زلمی نے پلاٹینیم میں رائٹ ٹو میچ کے ذریعے ٹام کوہلر کیڈمور کو ریٹین کیا۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں 5 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور لاہور قلندرز نے سری لنکا کے جارح مزاج بلے باز کوشل پریرا کو پک کیا تھا۔
کراچی کنگز نے خوشدل شاہ کا انتخاب کیا تھا جب کہ پشاور زلمی نے جنوبی افریقہ کے کاربن بوش اور فاسٹ بالر محمد علی کو ٹیم کا حصہ بنایا تھا جو پچھلی بار ملتان سلطان میں شامل تھے۔ گولڈ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا تھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بین ڈوارشئیس کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
پشاور زلمی نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بالر ناہید رانا، حسین طلعت اور عبدالصمد کو منتخب کیا تھا جب کہ ملتان سلطانز نے کامران غلام اور محمد حسنین کو ٹیم کا حصہ بنایا۔