پیرس(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ کے نمائندہ خصوصی جانگ گوچھنگ نے کہا ہے کہ چین ترقی کو فروغ دینے، سلامتی کے تحفظ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں کامیابیوں کا اشتراک کرنے اور مشترکہ طور پر انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر کے لئے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور ریاستی کونسل کے نائب وزیراعظم جانگ گوچھنگ نے ان خیالات کا اظہار 10 سے 11 فروری تک پیرس میں منعقدہ اے آئی ایکشن سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جانگ گوچھنگ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سائنسی اور تکنیکی انقلاب اور صنعتی تبدیلی کے نئے دور کے لئے ایک اہم محرک قوت بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ انتہائی ذمہ دارانہ رویے کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر عالمی تعاون اور نظم ونسق میں حصہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2023 میں صدر شی جن پھنگ نے مصنوعی ذہانت کے نظم ونسق کے لئے گلوبل انیشی ایٹو متعارف کرایا جس نے مصنوعی ذہانت کی ترقی اور نظم ونسق کے لئے چین کی دانشمندی میں حصہ ڈالا۔
مصنوعی ذہانت کی ترقی سے پیدا ہونے والے مواقع اور چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے جانگ گوچھنگ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مشترکہ طور پر مصنوعی ذہانت کی ترقی کے اصول کی وکالت کرے۔ اختراعی تعاون، شمولیت اور فوائد کو مضبوط بنانے سمیت عالمی نظم ونسق کو بہتر بنائے۔
انہوں نے دنیا بھر کی ڈویلپر کمیونٹیز کو 21 سے 23 فروری تک چین کے شہر شنگھائی میں ہونے والی 2025 گلوبل ڈویلپر کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
پیرس میں ہونے والی اے آئی ایکشن سربراہ کے دوران 30 سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور اعلیٰ سطح کے نمائندوں نے بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر لوگوں اور کرہ ارض کے لئے جامع اور پائیدار مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک اعلامیے پر دستخط بھی کئے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے دوران جانگ گوچھنگ نے کہا کہ چین فرانس کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کیا جا سکے اور اگلے 60 برسوں میں چین۔ فرانس تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے صدر میکرون کو نیک خواہشات کاپیغام بھی پہنچایا۔
