پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم ،پیکا ایکٹ میں ترمیم کا مقصد غیر آئینی حکومت کو تحفظ فراہم کرنا ہے ،سنیارٹی کو متنازع بنانے کا مقصد عدلیہ کی آزادی سلب کرنا ہے،عدلیہ و صحافت کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کی ہر ممکن مزاحمت کی جائے گی۔
جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جعلی حکومت نے عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کا راستہ ہموار کیا ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ میں ترمیم کا مقصد بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے ذریعے اقتدار میں آنیوالی حکومت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کالے قوانین کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ملک تباہی سے دوچار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا اور صحافی برادری کی جدوجہد میں ان کیساتھ کھڑے ہیں ،عدلیہ و صحافت کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کی ہر ممکن مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی کا تنازع حل ہونے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر کیا جانا چاہئے تھا ، سنیارٹی کو متنازع بنانے کا مقصد عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور صحافت کی آزادی کو سلب ہونے نہیں دیا جائے گا ،ان قوانین کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔