منگل, فروری 25, 2025
ہومLatest پارٹی ورکروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے،عطا تارڑ

 پارٹی ورکروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے،عطا تارڑ

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پارٹی ورکروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، پارٹی کے فوت شدگان ورکرز کو بھلایا نہیں جا سکتا ،دیرینہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ اتوار کو (ن) لیگ کے فوت شدگان کارکنان کیلئے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے قائدین وکارکنوں نے جمہوریت کے استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پارٹی قائد محمد نواز شریف اور ان کے پورے خاندان نے جو سختیاں جھیلیں اور غم برداشت کئے وہ ناقابل بیان ہیں ،یہ ایسی قربانی ہے جس کی ہمیشہ خلش رہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ دنیا مکافات عمل ہے ،وہ لوگ جو دوسروں کو چور اور ڈاکو کہتے تھے اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے ، آج وہ خود چوری اور کرپشن کے مقدمات میں جیلوں میں بند ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ کارکنان کی آرگنائزنگ کمیٹی بنائی جائے اور کارکن ہی اس کا سربراہ ہو،آرگنائزنگ کمیٹی مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز لے کر آئے، اس آرگنائزنگ کمیٹی میں کوئی ایم این اے، ایم پی اے اور عہدیدار نہ ہو اس میں صرف کارکنان شامل ہوں، آرگنائزنگ کمیٹی کی تجاویز پر عمل درآمد کریں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفات پا جانے والے کارکنان کی پارٹی کیلئے بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،چوہدری عتیق اور گڈو شاہ دنیا سے چلے گئے ہیں، انہوں نے دن رات پارٹی کی مضبوطی کیلئے خدمت سر انجام دیں،دنیا سے چلے جانے والے پارٹی کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ گڈو(ن)لیگ کا دیرینہ کارکن تھے جنہوں نے پارٹی کیلئے بے مثال قربانیاں دیں ،کارکنان نہ ہوں تو کوئی ایم پی اے یا کوئی وزیر نہیں ہے،ایسے کارکنان جو خون پسینہ پارٹی کو دیتے ہیں ان کے اہلخانہ کی مالی مدد ہونی چاہیے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!