اسلام آباد(شِنہوا)وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) پاکستان اور چین کے درمیان عشروں پر محیط دوستی اور مشترکہ وژن کی علامت ہے ۔
چین کے آمدہ نئےسال کا جشن منانے اور پاکستان میں سی پیک منصوبوں پر کام کر نے کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے 30 چینی ارکان کے کام کا اعتراف کرنےکے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک نہ صرف دوںوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لئے پائیدار ترقی،باہمی ترقی اور خوشحالی کا ایک راستہ ہے۔
چینی عملے کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئےاحسن اقبال نےان کی لگن،تکنیکی تجربے اور انتھک سخت محنت کو سراہا جنہوں نے ان بڑے منصوبوں کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی پیداوار اور بنیادی شہری سہولیات کی ترقی سے لے کر ترسیل اور ٹیکنالوجی تک آپ کی کوششیں مشکلات پر قابو پانے اور متعدد اہم اقدامات کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لئےاہم ہیں ۔
احسن اقبال نے دوسرے مرحلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے شمار مواقع فراہم کرے گا،زراعت کو جدید بنائے گا، صنعتوں کو ڈیجیٹلائز کرے گا ،معیشت کی تنوع کو فروغ دے گا، لاکھوں ملازمتیں پیدا کرے گااور پاکستان کی عالمی سطح پر مسابقت کو بڑھائے گا۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی زیر قیادت اور عوام کی اجتماعی کوششوں کے ساتھ پاکستان کی اقتصادی ترقی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون اور شراکت داری مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی اور دیرپا ترقی کو فروغ دے گی۔
تقریب میں چینی اور پاکستانی فنکاروں کے روایتی رقص نے دونوں ممالک کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔ حاضرین نے فن کے مظاہروں میں دلچسپی ظاہر کی اور پاکستان۔چین تعلقات مضبوط بنانے میں چین کے اہم کردار پرشکریہ ادا کیا۔
اس تقریب میں ایک خصوصی سیشن بھی ہوا جس میں سی پیک منصوبوں میں شامل بہترین کارکردگی دکھانے والے چینی اداروں کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف کے حوالے سےاعلیٰ کارکردگی کی اسناد اور سوینئر دیئے گئے۔