واشنگٹن (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ چین امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ سربراہ مملکت سفارتکاری کی اسٹریٹجک رہنمائی اور چینی صدر شی جن پھنگ اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی مستحکم، مثبت اور پائیدارترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
چینی نائب صدر ہان امریکی فریق کی دعوت پر چینی صدر کے نمائندہ خصوصی کی حیثیت سے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کی میں شرکت کے لئے واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔
ہان نے امریکی نومنتخب نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات میں سب سے پہلے ٹرمپ کے لئے شی کی نیک خواہشات پہنچائیں اور وینس کو نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ شی نے حال ہی میں ٹرمپ کے ساتھ ایک اہم فون کال کی تھی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نےچین ۔ امریکہ تعلقات میں پیشرفت کو اگلے مرحلے میں لے جانے کے لئے اہم اتفاق رائے حاصل کیا ہے۔
ہان نے کہا کہ چین اور امریکہ دونوں عظیم ممالک ہیں اورچینی اور امریکی دونوں عظیم اقوام ہیں۔ فریقین اس وقت اپنے متعلقہ ترقیاتی اہداف اور خوابوں کی تکمیل کے لئے سخت محنت کررہے ہیں۔
نائب چینی صدر نے کہا کہ فریقین باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ تعاون کے اصول برقراررکھتے ہوئےایک دوسرے کی ترقی میں کردار ادا کر یں گے، دونوں ممالک کو فائدہ پہنچائیں گے اور عالمی امن و ترقی میں اہم کردار نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات فریقین کے لئے مشترکہ تشویش کے اہم امور رہے ہیں۔
ہان کا مزید کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کے درمیان اختلافات کے باوجود ان کے وسیع تر مشترکہ مفادات ہیں اور تعاون کی گنجائش ہے۔ فریقین اس پر بات چیت اور مشاورت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران امریکی نومنتخب نائب صدر وینس نے چینی نائب صدر سے کہا کہ وہ شی کو ٹرمپ کی نیک خواہشات پہنچائیں۔
وینس نے کہا کہ ٹرمپ نے چند روز قبل شی سے فون پر بات چیت کی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق اہم امور پر اچھی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے زور دیا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات امریکہ اور چین دونوں کے لئے اہم ہیں۔
وینس نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ چین عالمی امور میں تیزی سے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا امریکہ چین کے ساتھ پائیدار اور نتیجہ خیز تعلقات میں پیشرفت، عالمی اور علاقائی امور پر چین کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر عالمی امن و استحکام کے فروغ کا خواہشمند ہے۔