راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ القادر ٹرسٹ فیصلے کا مذاکراتی کمیٹی سے تعلق نہیں، سزا ڈیل کرنے کیلئے سنائی گئی، جو نہیں کروں گا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ جتنی دیر جیل میں رکھنا ہے رکھ لیں، جتنے مرضی ایسے ججز لا کر بٹھا دیں ڈیل نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سزا صرف اسی لئے سنائی گئی ڈیل کرلوں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کا مذاکراتی کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ یہ کیس ہائی کورٹ میں جائے اور اب یہ کیس ہائیکورٹ میں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں زرداری ،نواز شریف کو نہیں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سزا دے دی گئی،بشری بی بی کو سہولت کاری پر 7سال کی سزا سنائی گئی یہ بھی تو بتائیں کہ یہ کون سی سہولت کاری ہے؟۔ انہوںنے کہا کہ ہائیکورٹ میں جاکر یہ سارا کیس مزید کھلے گا اور یہ سارے نام آپ پھر سے سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر جاوید رانا پر سپریم کورٹ نے بھی اعتراض اٹھائے تھے، اس قسم کے ججز آپ ہائیکورٹ میں بھرنے کی کوشش کررہے ہیں جو چوری ،ڈاکہ اور مینڈیٹ چور کو تحفظ دیں گے۔