بیجنگ(شِنہوا)چین امریکہ سے درآمدات پر عائد 24 فیصد اضافی ٹیرف کو ایک سال کے لئے معطل رکھے گا جبکہ 10 فیصد شرح برقرار رہے گی۔
چین ریاستی کونسل کے کسٹمز ٹیرف کمیشن نے بتایا کہ یہ ترمیم 10 نومبر 2025 کو دوپہر ایک بج کر ایک منٹ سے نافذ العمل ہوگی۔
کمیشن کے مطابق یہ اقدام چین۔امریکہ اقتصادی و تجارتی مذاکرات میں حاصل کردہ نتائج اور اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے کیا جا رہا ہے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان کچھ اضافی ٹیرف کی معطلی جاری رکھنے سے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی صحت مند،مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا جو دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ہوگا اور اس سے عالمی خوشحالی میں بھی مدد ملے گی۔
کمیشن نے یہ اعلان بھی کیا کہ 10 نومبر 2025 کو دوپہر ایک بج کر ایک منٹ سے چین ان اضافی ٹیرف اقدامات کو ختم کر دے گا جو ایک پہلے اعلان کے تحت امریکہ سے درآمد ہونے والی مخصوص مصنوعات پر لاگو تھے۔
کمیشن نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان مخصوص اضافی ٹیرف کا خاتمہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے بنیادی مفادات کے مطابق ہے، عالمی برادری کی توقعات پر پورا اترتا ہے اور دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو ایک اعلیٰ سطح پر لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔



