نان ننگ(شِنہوا)چین کے جنوبی گوانگ شی ژوانگ خود مختار علاقے کے دارالحکومت نان ننگ میں آسیان۔چین اکیڈمیز برائے نظم ونسق، عوامی انتظامیہ اور تھنک ٹینکس کا سیمینار منعقد ہوا۔ جس میں ریاستی، علاقائی اور عالمی نظم ونسق پر توجہ مرکوز کی گئی، شرکاء نے تعاون کو مضبوط بنانے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
"قومی نظم ونسق اور ایشیائی تہذیبیں” کے موضوع پر منعقدہ اس تقریب میں آسیان رکن ممالک کے تقریباً 100 مندوبین، چینی حکام، تھنک ٹینکس، تحقیقی اداروں اور جامعات سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔
اپنی تقاریر میں غیر ملکی شرکاء نے قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر نظم ونسق کے معاملات میں چین کے فعال کردار اور اس کے تجربات کی تعریف کی اور اس سیمینار کو چین۔آسیان سربراہی اجلاسوں کے نتائج پر عملدرآمد کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جو نظم ونسق کی تربیت اور تبادلہ خیال میں تعاون کو فروغ دیتا ہے۔
سیمینار کے دوران بیک وقت چار متوازی اجلاس بھی منعقد ہوئے جن میں ایشیائی معاشروں میں ریاستی نظم ونسق، ڈیجیٹل و مصنوعی ذہانت کے دور میں نظم ونسق کی کارکردگی، علاقائی تعاون اور عالمی نظم ونسق میں ایشیائی موقف جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔



