بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں 8 ویں چائنہ انٹرپرائز فورم کے لئے اعلیٰ سطح کے مہمان جمع ہوئے جس کا مرکزی موضوع چینی کاروباری اداروں کے درمیان اسٹریٹجک عزم کو مضبوط کرنا اور اختراع (جدیدیت) پر مبنی ترقی کو آگے بڑھانا تھا۔
یہ فورم ریاستی کونسل کے سرکاری ملکیتی اثاثوں کی نگرانی اور انتظام کے کمیشن (ایس اے ایس اے سی)، آل چائنہ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس (اے سی ایف آئی سی) اور شِنہوا نیوز ایجنسی نے مشترکہ طور پر شروع کیا جو منگل تک جاری رہا۔
مرکزی اجلاس میں اے سی ایف آئی سی کے چیئرمین گاؤ یون لونگ نے چینی کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ مضبوط صلاحیتیں قائم کریں، تعاون کو گہرا کریں، ترقی کے لئے ہم آہنگی پیدا کریں اور چینی جدیدیت کے فروغ میں نئے سنگ میل حاصل کریں۔
ایس اے ایس اے سی کے چیئرمین ژانگ یوژو نے مختلف اقسام کے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ صنعتی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور طاقت حاصل کرنے، اصلاحات کو گہرا کرنے اور باہمی مفید تعاون کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں۔
شِنہوا نیوز ایجنسی کے نائب صدر لیو جیان نے کہا کہ شِنہوا طویل عرصے سے چین کی معیشت اور چینی کاروباری اداروں کی ترقی کی کوریج کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شِنہوا تمام شعبوں کے ساتھ تعاون بڑھائے گا، اس کے فوائد سے استفادہ جاری رکھے گا اور کاروباری اختراع، صنعتی ترقی اور معیشت کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں حصہ ڈالے گا۔



