ریو ڈی جنیرو(شِنہوا)برازیل کے دوسرے بڑے شہر ریو ڈی جنیرو میں جرائم پیشہ گروہ کے خلاف بڑے پیمانے پر پولیس کی کارروائی میں کم از کم 119 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریو ڈی جنیرو کی ریاستی حکومت کے مطابق یہ وسیع کارروائی شہر کے شمالی حصے میں واقع الیماؤ اور پینہا کی غریب بستیوں میں کمانڈو ورمیلہو نامی گروہ کے ارکان کے خلاف کی گئی۔
ریو ریاست کے سول پولیس سیکرٹری فلپ کوری نے ایک پریس کانفرنس میں ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی طور 128 بتائی جسے کم کر کے 119 کردیا جن میں 115 مشتبہ مجرم اور 4 پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ریاستی گورنر کلاڈیو کاسترو نے اس کارروائی کو "کامیابی” قرار دیا اور کہا کہ مارے جانے والے 4 پولیس اہلکار ہی اصل متاثرین ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ یہ تعداد صرف ان لاشوں پر مبنی ہے جو فرانزک میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں درج کی گئی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حتمی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک تمام لاشوں کی گنتی مکمل نہیں ہو جاتی حتمی تعداد نہیں بتائی جاسکتی۔



