لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کے لیے تیار ہے، انشا اللہ جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی اسٹیڈیم رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے اچانک دورہ پر کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، مین بلڈنگ کے فنشنگ کاموں کا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے فنشنگ ورک کو ہر صورت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے، شائقین کرکٹ کے لیے نئی کرسیاں اور نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شائقین میچ کے ساتھ لیزر لائٹ شو سے بھی محظوظ ہو سکیں گے، نئی اسکور اسکرینز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرینج ورک کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔