لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میں نے پنجاب کی ترقی سے جلنے والوں کے دماغوں کی بھی صفائی کی، پنجاب کی بات مریم نواز نہیں کرے گی تو کون کرے گا؟۔
لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں صفائی سے متعلق کوئی کا م نہیں ہوا، تبدیلی کے دعوے داروں کے دور میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر تھے۔
مریم نواز نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کی تعریف کی اور انہیں سلام پیش کیا، ساتھ ہی کہا کہ ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا صفائی کا پروگرام ہے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز سے صوبے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا، آپ نے پنجاب کے شہروں، دیہات کو صاف کرکے میرا سر فخر سے بلند کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی جیکٹ پہننا میرے لیے اعزاز ہے، یہ وردی پہن کرپیغام دیا ہے کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے ہوں۔ وزیراعلی پنجاب نے یہ بھی کہا کہ سیلاب کے بعد ستھرا پنجاب کے کارکنوں نے ہر جگہ شیشے کی طرح چمکا دی، سیلاب میں ستھرا پنجاب کے ورکرز نے انسانی بند باندھ کر پانی روکا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خواب جو ایک سال پہلے دیکھا تھا آج حقیقت بن کر سامنے بیٹھا ہے، پہلے پنجاب کے دیہاتوں میں کسی نے توجہ نہیں دی تھی، اب پنجاب کے ہر دیہات میں صفائی ہو رہی ہے، بیٹیاں آتی ہیں تو گھروں کی صفائی کرتی اور گھروں کو سجاتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف مجھے جب ملتے ہیں تو شاباش دیتے ہیں، وہ خواب جو ایک سال پہلے دیکھا تھا آج حقیقت بن کر سامنے آچکا ہے، آج پنجاب بھر میں دیہات کے لیول پر صفائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلے کرائم بہت زیادہ تھا، اب کئی شہر ایسے ہیں جہاں کرائم زیرو ہے، پنجاب میں جرائم اور کوڑا کرکٹ کی بھی صفائی کر دی، میں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان کو بھی پنجاب کی طرح صاف دیکھنا چاہتی ہوں، گلی، محلے گندے ہیں تو اپنی اپنی حکومتوں سے سوال کرو۔