امریکا نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے سلسلے میں لبنان کی سیکیورٹی فورسز کو 23 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس رقم میں سے 19 کروڑ ڈالر لبنانی فوج کو اور 4 کروڑ ڈالر داخلی سیکیورٹی فورسز کو دیے جائیں گے۔ امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹک معاونین نے کہا کہ اس امداد کی فراہمی 30 ستمبر کو امریکی مالی سال ختم ہونے سے قبل عمل میں آئی، لبنان جیسے چھوٹے ملک کے لیے یہ بہت اہم قدم ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ امریکی امداد لبنانی سیکیورٹی فورسز کو ایسے وقت مضبوط کر رہی ہے جب وہ پورے ملک میں لبنانی خود مختاری کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کے لیے کام کر رہی ہیں۔
یہ قرارداد لبنان اور اسرائیل کے درمیان ایک پائے دار سیکیورٹی نظام کا واحد قابلِ عمل دائرہ کار ہے۔