جمعہ, اکتوبر 3, 2025
ہومLatestوزیراعظم کا قرضوں سے نجات کے حکومتی عزم کا اعادہ، محنت سے...

وزیراعظم کا قرضوں سے نجات کے حکومتی عزم کا اعادہ، محنت سے عروج ثریا حاصل کریں گے

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے قرضوں سے نجات کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجی پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، دہشت گردوں کا مکمل صفایا، محنت سے عروج ثریا حاصل کریں گے، بھارت افواج پاکستان کا سکھایا گیا سبق ہمیشہ یادرہے گا، غزہ میں جاری بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ،بند ہونی چاہئے۔

برطانیہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ نیویارک اورواشنگٹن کا دورہ بہت کامیاب اورمفید رہا، اقوام متحدہ کی عمارت میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیشرفت ہے، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن اورمصر بھی اہم اجلاس میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے غزہ پر اجلاس کی صدارت کی پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، غزہ سے متعلق اجلاس میں حوصلہ افزا بات چیت ہوئی، یقین کامل ہے کہ غزہ پر حالیہ اجلاس کا مثبت نتیجہ بہت جلد سامنے آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، امریکی صدر سے ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دورے میں پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی، سعودی قیادت نے شاندار استقبال کیا جو 24کروڑ پاکستانیوں کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدہ پاکستان اورسعودی عرب کی دیرینہ خواہش تھی یہ کسی کے خلاف نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں سے جاری اعتماد کا رشتہ ہے، حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں 2023سے جاری ظلم وستم کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔

غزہ میں مسلمانوں کے خلاف بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں بھرپورآواز اٹھائی، اقوام متحدہ میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جنرل اسمبلی کے فورم پر بھرپورآواز اٹھائی، پانی کے حوالے سے بھی بات کی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہے، میں اور فیلڈ مارشل ہر قومی مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں، اقتصادی صورتحال کے حوالے سے بھی باہمی مشاورت کی جاتی ہے، دعا ہے یہ ہم آہنگی جاری رہے تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط اقتصادیات کیلئے جستجو کررہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چین میں تربیت کیلئے بھیجا ہے، قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہمارا عزم ہے، امریکی ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں بھرپورتعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ ہمیشہ یادرکھے گا، ہماری بہادرافواج نے بھارت کیخلاف تاریخی فتح حاصل کی، جنگ کے دوران قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا چیلنج دوبارہ سراٹھا رہا ہے، افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہیں، خارجی ہاتھ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے، افواج پاکستان کے جوان اورافسران دن رات قربانیاں دے رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ شبانہ روزمحنت کے نتیجے میں پاکستان اوج ثریا کی منزل حاصل کرے گا۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!