صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بندرگاہوں کی ترقی، ڈیجیٹائزیشن حکومتی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کا مرحلہ وار نفاذ جاری ہے، بندرگاہوں کی جدیدیت پاکستان کو علاقائی ٹریڈ گیٹ وے میں تبدیل کرے گی۔
عالمی یومِ بحری تجارت 2025ء پر جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کا بحری شعبہ قومی تجارت اور معاشی استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ملک کا بحری مستقبل روشن اور پائیدار ہے، بندرگاہوں کی ترقی، ڈیجیٹائزیشن اور جدیدیت حکومت کی ترجیح ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی اور پورٹ قاسم کی اپ گریڈیشن جاری ہے، علاقائی تجارتی مراکز میں بدلنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحری پالیسیوں میں اصلاحات جاری ہیں اور قومی شپنگ کو عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شپنگ کمپنیوں کیلئے مراعات، غیر ملکی انحصار میں کمی کا باعث بنیں گی ،فریٹ سکیورٹی میں بہتری اور زرِ مبادلہ کی بچت کیلئے اہم اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کا مرحلہ وار نفاذ جاری ہے۔بندرگاہی آپریشنز کی ڈیجیٹائزیشن سے پورا سپلائی چین مربوط ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق اصلاحات قومی مفادات اور علاقائی انضمام کے لیے ضروری ہیں،پاکستان عالمی بحری برادری کا ذمہ دار رکن بن کر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحری شعبے میں یکجہتی اور اعلی کارکردگی کے ذریعے پائیدار ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بہتر پالیسیوں اور محنت سے مضبوط بحری مستقبل کی تعمیر ممکن ہے،پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر باوقار، پائیدار اور جدید بحری قوم بنایا جائے گا،بحری شعبے میں سرمایہ کاری سے تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، بندرگاہوں کی جدیدیت پاکستان کو علاقائی ٹریڈ گیٹ وے میں تبدیل کرے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عالمی تجارتی سپلائی چین کا کلیدی حصہ بننے کیلئے تیار ہے،تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔