امریکی گلوکارہ، اداکارہ، پروڈیوسر اور کاروباری خاتون سلینا گومز اپنے بوائے فرینڈ اور میوزک پروڈیوسر بینی بلانکو سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
سلینا گومز نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں سفید دلکش لباس میں اور بلانکو کو سیاہ ٹکسڈو میں دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کو تصاویر اور ویڈیوز میں رومانوی انداز میں ایک دوسرے کے قریب دیکھا گیا۔
پوسٹ کے کیپشن میں سلینا گومز نے 9.27.25 کی تاریخ درج کی، جس کے تبصرے میں بینی بلانکو نے لکھا کہ ان کی حقیقی زندگی کی بیوی۔ شادی میں تقریبا 170 مہمان شریک ہوئے جن میں امریکی پاپ اسٹار اور سلینا گومز کی دیرینہ بہترین دوست ٹیلر سوئفٹ، برطانوی گلوکار و نغمہ نگار ایڈ شیئرن، پیرس ہلٹن اور سیلینا کے ڈرامے اونلی مرڈرز کے شریک اداکار اسٹیو مارٹن اور مارٹن شارٹ شامل تھے۔
جوڑے نے شادی کے موقع پر رالف لارین کے تیار کردہ ملبوسات پہنے۔33 سالہ سلینا گومز اور 37 سالہ بلانکو کی شادی کی تقریب جنوبی کیلیفورنیا کے علاقے سانتا باربرا کاونٹی کے ہوپ رینچ میں منعقد ہوئی، جو لاس اینجلس کے شمال مغرب میں تقریبا 145 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔