چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ میں چھونگ چھنگ جیانگ بے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک بارڈر پولیس افسر مسافروں کی دستاویزات دیکھ رہی ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی حکام نے کہا ہے کہ قومی دن اور وسط خزاں کے تہوار کی آمدہ 8 روزہ تعطیلات کے دوران ملک میں اوسطاً روزانہ 20 لاکھ سرحدی آمدورفت متوقع ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) کے مطابق ملک بھر کی بندرگاہیں یکم اکتوبر سے 8 اکتوبر کے درمیان اندرون ملک اور بیرون ملک سفر میں اضافے کے لئے تیاریاں کر رہی ہیں جن میں سب سے زیادہ رش یکم اکتوبر اور 6 اکتوبر کو متوقع ہے۔
این آئی اے کے مطابق اس سال ایک ساتھ آنے والی تعطیلات، بغیر ویزا داخلے جیسی سہولتوں اور بین الاقوامی پروازوں کی بحالی جیسے موافق عوامل نے سرحد پار سفر کی طلب میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
اس رش سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ نے ملک بھر میں سرحدی نگران حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفری بہاؤ اور بندرگاہوں کی سرگرمیوں کی نگرانی بڑھائیں اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ و تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ کسٹمز کلیئرنس کا عمل محفوظ، موثر اور بلاتعطل رہے۔
