وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کل تک آپ سمیت آپ کی پوری جماعت سیلاب پر سیاست کررہے تھے، اچھی بات ہے اگر آج آپ نے سیلاب پر سیاست کرنے سے ہاتھ کھینچ لیا، سیلاب سندھ میں بھی آیا، وہاں متاثرین کو کیا ریلیف دے رہے وہ قوم کو بتائیں، مریم نواز پنجاب میں سیلاب متاثرین کو ریلیف دے رہی ہیں، اس کی تکلیف سندھ حکومت کوکیوں ہورہی؟۔
شرجیل انعام میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب گندم میں 6.63+ملین میڑک ٹن سرپلس ہے اور سندھ کو 3.19ملین ٹن خسارے کا سامنا ہے۔ پنجاب میں گندم ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی، سندھ کو شدید کمی کا سامنا ہے۔
پنجاب گندم پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے،باقی صوبوں کی ضرورت بھی پوری کرتا ہے۔ سندھ اپنی آبادی کی ضرورت کے مطابق گندم پیدا نہیں کرپاتا،اسی لیے دوسری جگہوں سے سپلائی درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا مریم نواز نے گزشتہ سال کسانوں کو 9ہزار 500ٹریکٹر دیے،اس سال بھی 9ہزار 500ٹریکٹر دینے جارہے ہیں۔ مریم نواز نے چند ماہ قبل گندم پر کاشتکاروں کو 14ارب روپے کا سپورٹ پروگرام دیا۔ پنجاب کے کسانوں اور گندم پر دکھ کا اظہار کرنے سے پہلے سندھ اپنی گندم کی طلب پوری کرلے۔ پنجاب میں گندم کی کھپت سندھ سے ڈھائی گنا زیادہ ہے۔
یہاں پیداوار 22.05ملین میٹرک ٹن ہے،جب کہ سندھ میں گندم کی پیداوار صرف 3.54ملین میڑک ٹن ہے۔ انہوں نے شرجیل میمن کو لاہور کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ لاہور آئیں آپ کو دکھاتے پنجاب میں کیا کام ہورہا تاکہ آپ بھی سیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کل پنجاب کی پنک اسکوٹیز کو آپ نے سالوں بعد دہرا کر اچھا کیا۔ ہمیں آپ کی اپیلوں سے اعتراض نہیں،آپ دن رات وفاق کو مشورے دیں لیکن اس میں کوئی حکمت تو ہو۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2024 میں کسانوں کو 55ارب کا ریلیف دیا۔ 2025 میں پنجاب حکومت نے کسانوں کو 98ارب کا ریلیف دیا ہے۔
رواں مالی سال کا زراعت کا بجٹ 129.8ارب روپے ہے۔ کسان کارڈ پر کسان بھائی60 ارب سے زائد کی خریداری کرچکے ہیں۔