کراچی: وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے شہرقائد کی تمام سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں سے اندرونی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کے ایم سی اور ٹاونز محکمہ بلدیات کی نگرانی میں اسکیمیں تیار کریں، کراچی کی تمام سڑکوں کی مرمت یا تعمیر نو کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر سے متعلق اجلاس میں کیا ۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سڑکوں کے ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی بنایا جائے، نکاسی آب کا نظام ہو گا تو بارشوں کا پانی نکل جائے گا اور سڑکیں خراب نہیں ہوں گی، کراچی میں صفائی کے کام کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضی وہاب نے بتایا کہ کے ایم سی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ بلدیات سندھ نے بتایا کہ ٹاونز کو اپنی سڑکوں کا سروے کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلی سندھ کو اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑکوں کا سروے تیزی سے جاری ہے، جیسے ہی سروے مکمل ہو گا، اسکیمیں بنا کر منظوری لی جائے گی۔ جلاس میں صوبائی وزرا اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے شرکت کی۔