اسلام آباد: سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات میں اخبار بینی کی عادت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافتی آزادی جمہوری معاشرے کی اساس، باشعور و باخبر شہری ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں، اخبارات محض خبر نہیں تحقیق، تجزیہ اور گہرا تناظر بھی فراہم کرتے ہیں، پرنٹ میڈیا پر غیرجانبداری، اخلاقیات اور ذمہ داری کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہے۔
اخبار بینی کے عالمی دن پر جار ی بیان میں سپیکر ایاز صادق نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور صحافی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات نہ صرف قابل اعتماد خبروں کا معتبر ذریعہ ہیں بلکہ یہ قومی شعور اور فکری آبیاری کا مضبوط ترین ستون ہیں، اخبارات پارلیمان اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پارلیمنٹ میں ہونیوالی قانون سازی کو عوام تک پہنچانے میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور اور باخبر شہری ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں، اخبارات نے ہمیشہ عوام کو حقائق سے روشناس کرایا اور ناانصافیوں کو بے نقاب کیا، سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اقدار مزید اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات محض خبر نہیں بلکہ تحقیق، تجزیہ اور گہرا تناظر بھی فراہم کرتے ہیں، اخبارات نے چیلنجز کے باوجود عوامی اعتماد کے سہارے ترقی کی۔انہوں نے کہا کہ اخبارات عوام کے اعتماد اور تعاون کے ساتھ ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں، فکری اور علمی بصیرت کیلئے نوجوان نسل کو اخبار بینی کی عادت اپنانی چاہئے، تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات میں بھی یہ عادت فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ پرنٹ میڈیا پر غیرجانبداری، اخلاقیات اور ذمہ داری کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہے، صحافتی آزادی جمہوری معاشرے کی اساس ہے۔
سپیکر نے اخباری صنعت کے ترقی و فروغ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کا بڑھتا مطالعہ باشعور، مضبوط اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔