جمعہ, اکتوبر 3, 2025
ہومLatestپیرا فورس کا قیام خواب کی تعبیر، سی سی ڈی کے قائم...

پیرا فورس کا قیام خواب کی تعبیر، سی سی ڈی کے قائم کردہ امن کی مثال نہیں ملتی، مریم نواز

لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پیرا فورس کے قیام کو شرمندہ تعبیر ہونیوالا خواب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی ڈی کے قائم کردہ امن کی مثال نہیں ملتی، بیوائوں، یتیموں کی زمینوں پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف خصوصی عدالتیں بنا رہے ہیں، جن میں قبضے بارے کیس کا فیصلہ 90دن میں ہوگا، قابض کو 10سال سزا ہوگی۔

بدھ کو پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاس آئوٹ ہونے والے نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے آپ کو اپنے وطن اورعوام کی خدمت کیلئے موقع دیا، آپ کے کندھوں پر پنجاب کے کروڑوں عوام کی ذمہ داری ہے، آپ نے لوگوں کو ظلم سے بچانا اور انصاف دلانا ہے، بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر لوگ خصوصا خواتین بہت خوش ہیں، پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وعدہ کرو ایک پیسہ رشوت کا نہیں لو گے، کاروباری افراد جائز منافع کمائیں، حکومت کی ریٹ لسٹ کے مطابق گندم آٹے کی قیمت یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آسانیاں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، اس کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بہت سے اضلاع میں اس وقت جرائم کی شرح صفر ہے، سی سی ڈی نے جو امن قائم کیا اس کی مثال نہیں ملتی جس پر اسے شاباش دیتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں کرائم تھا لوگ کہتے ہیں اب وہاں امن ہوگیا ہے، میرا خواب ہے پنجاب ماں بیٹیوں کیلئے محفوظ ترین جگہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ بیوائو اور یتیموں کی زمینوں پر قبضے کرنے والوں کیخلاف قانون لارہے ہیں، اس حوالے سے خصوصی عدالتیں قائم کررہے ہیں جو زمین پر قبضے بارے کیس کا فیصلہ 90دن میں کریں گی اور قبضہ کرنے والے کو 10سال کی سزا ہو گی۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!