بیت المقدس(شِنہوا)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی ہے۔
اکتوبر 2023 میں جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ میرا ان رہنماؤں کے لئے جو 7 اکتوبر کے خوفناک قتل عام کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، واضح پیغام ہے کہ وہ دہشت گردی کو بہت بڑا انعام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کبھی نہیں ہوگا، اردن کے مغرب میں فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ وہ امریکہ سے واپسی پر ردعمل دیں گے۔ اس کے لئے انتظار کریں۔
فلسطینی صدر کے دفتر کے بیان کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے تینوں ممالک کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم اور ضروری قدم ہے جو بین الاقوامی قانونی حیثیت کے مطابق منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کی طرف بڑھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اسی دن برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ برطانیہ سرکاری طور پر ریاست فلسطین کو تسلیم کرتا ہے، انہوں نے دو ریاستی حل کی جانب بڑھنے کی اپیل کی۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور وزیرخارجہ پینی وونگ کے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا فلسطینی عوام کی اپنی ریاست کے جائز اور طویل عرصے سے قائم خواہشات کو تسلیم کرتا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی اتوار کو ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ایک بیان جاری کیاہے۔
