اتوار, ستمبر 21, 2025
ہومLatestصدر و وزیراعظم کا امن و انصاف پر غیر متزلزل عزم

صدر و وزیراعظم کا امن و انصاف پر غیر متزلزل عزم

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے امن و انصاف کے اصولوں پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو دنیا سراہتی ہے، امن کے فروغ کے لیے ہر فرد اور ہر قوم کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان نے عالمی امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

عالمی یومِ امن پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے بھرپور آواز بلند کی ہے۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق اور عالمی امن کے لیے جرات مندانہ مقف اپنایا، جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے دنیا بھر میں امن، جمہوریت، خواتین کے حقوق اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ ان کا وژن آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے کہ امن اور انصاف ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ امن صرف اس وقت ممکن ہے جب تمام قوموں کے درمیان انصاف اور برابری ہو۔فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دہائیوں سے جاری محرومیاں عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہیں۔ ان خطوں میں حقِ خودارادیت کے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کے پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے ہمیشہ عالمی امن کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ہماری طویل خدمات، قدرتی آفات اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنا اور عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کی حمایت ہمارے اسی عزم کا حصہ ہیں۔صدر مملکت نے کہا ک آج کی نوجوان نسل انسانی تاریخ کے بڑے چیلنجز جیسے بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات، انتہا پسندی، موسمیاتی تبدیلی، معاشی ناہمواری اور ڈیجیٹل دور میں پھیلنے والی غلط معلومات کا سامنا کر رہی ہے۔

ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ امن، برداشت، رواداری اور مکالمے کی اقدار کو اپنا کر انہیں آگے بڑھائیں اور دنیا کو ایک زیادہ محفوظ اور انصاف پر مبنی مستقبل کی طرف لے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس عالمی دن پر میں عالمی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ ہتھیاروں اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تعاون اور ترقی کو ترجیح دیں۔ پاکستان ایک پرامن، انصاف پر مبنی اور پائیدار دنیا کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ دنیا کو امن، انصاف اور باہمی احترام کے حقیقی نور سے منور فرمائے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں سنجیدہ انداز میں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ امن کے فروغ کے لیے ہر فرد اور ہر قوم کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تنازعات کی بنیادیں، جن میں غربت، انسانی حقوق سے انکار اور بڑھتی ہوئی عدم برداشت شامل ہیں، ختم نہ کر دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ امن کو مضبوط بین الاقوامی اداروں کے ذریعے پروان چڑھانا اور محفوظ رکھنا ہوگا، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کے عزم کو ایک بار پھر پختہ کرے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب ہم امن کے حقیقی مفہوم پر غور کرتے ہیں تو ہم فلسطین کے مقبوضہ علاقے اور بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین انسانی المیوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے، جب تک ان خطوں کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا، مستقل امن ایک خواب ہی رہے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اس امر پر فخر ہے کہ اس نے عالمی امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں دہائیوں پر محیط شمولیت اور متاثرہ آبادیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنا پاکستان کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جن سے دنیا کے تنازعہ زدہ خطوں میں امن و استحکام کو فروغ ملا۔اس عالمی یومِ امن پر آئیے ہم سب تعمیری اور اجتماعی عمل کا عہد کریں؛ ان ہتھیاروں کو خاموش کریں جو بے گناہوں کی جان لیتے ہیں, سفارت کاری پر دوبارہ اعتماد کریں اور تنازعات کو پرامن ذرائع سے حل کریں۔

پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ ہمارے ساتھ مل کر امن، انصاف اور انسانیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کرے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ دنیا بھر میں امن قائم ہو۔ آمین

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!