سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے اہم ترین دفاعی معاہدے کی خبر اردو زبان میں بھی پوسٹ کی۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان، جارح کے مقابل ایک ہی صف میں ہمیشہ اور ابد تک ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب پہنچے جہاں ان کا تاریخ ساز استقبال کیا گیا جس کے بعد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں رہنماؤں نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیئے ، معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی بڑھانے اور امن کے حصول کےلیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے، معاہدہ کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع اور تحفظ کو مضبوط بنانا ہے، معاہدے کے مطابق کسی بھی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔