دبئی پولیس نے کہا ہے کہ کرکٹ شائقین کی جانب سے سٹیڈیم میں کسی قسم کا تشدد، بدزبانی یا نسل پرستانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کھیل کے دوران مثبت اور مہذب رویہ اپنائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہوگی تاکہ سٹیڈیم کے ماحول اور شائقین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
دبئی پولیس کے ایونٹس سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق تشدد یا بدزبانی کرنے والوں کو ایک سے تین ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا جو پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے بنتا ہے۔