ابو ظہبی: افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے لیکن اس کا پریشر نہیں لیں گے، اور ماضی میں جس طرح ہم نے کارکردگی دکھائی اسی طرح چیزوں کو آسان رکھتے ہوئے 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہہ کر اپنے کھلاڑیوں پر اضافی دبا ونہیں لے سکتے کہ ہمیں ہر حال میں فائنل یا سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے، وہ ایک الگ ٹاسک ہے اور آپ جب محنت کریں گے تو وہ خود ہی حاصل ہوجائے گا۔
راشد خان نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی کا ہم نے نہیں سوچا تھا لیکن ہم نے بہت محنت کی جس کی وجہ سے ہم سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب رہے، اس ٹورنامنٹ میں بھی ہم یہی کرنے کی کوشش کریں گے۔


