کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت کو ہر قسم کی مدد دینے کی پیشکش کی ہے، سندھ میں اب تک کوئی ہنگامی صورت حال نہیں، ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے تیاری مکمل کرلی ہے، کچے کے علاقوں میں رہائش پزیر افراد کو نکالنے کا کام شروع کردیا ہے۔
محکمہ اطلاعات کراچی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر پنجاب سمیت پنجاب کی صوبائی پارٹی بھی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، بلاول بھٹو صوبائی وزرا سے رابطے میں ہیں، ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے تیاری مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام انتظامیہ کو الرٹ کیا ہوا ہے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے، پی ڈی ایم اے نے انتظامات کر رکھے ہیں، حکومت سندھ نے حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر آبپاشی جام خان شورو بھی دریائے سندھ کے اطراف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، کچے کے علاقوں میں رہائش پزیر افراد کو نکالنے کا کام شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سندھ میں فی الحال ایمرجنسی کی صورتحال نہیں ہے، پھر بھی صوبائی پی ڈی ایم اے نے انتظامات کیے ہوئے ہیں وزیر اعلی سندھ نے سیلابی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لئے سیل قائم کیا ہے۔